سیاسی کارکن ہیں دامن داغدار نہیں کریں گے‘ وفاق: عسکری قیادت کا تعاون درکار ہو گا: وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم سیاسی کارکن ہیں اپنے دامن کو کسی صورت داغدار ہونے نہیں دیں گے لاپتہ افراد کی بازیابی ترجیحات میں شامل ہے، میڈیا تنقید ضرور کرے اگر تعمیری تنقید کی جائے اور نظام کی خرابیوں کو دور کرنے میں ہماری رہنمائی کرے تو بہتری نا ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کے کیمپ آنے کا مقصد انکے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا تھا اور ہم نے لاپتہ افراد کے حوالے سے اپنا واضح مو¿قف رکھا ہے نواز شریف کے ساتھ ملاقات میں بھی اس مسئلہ پر بات چیت ہوئی ہے۔ ہم تاریخ کے انتہائی خراب ترین دور سے گزر رہے ہیں جہاں ٹارگٹ کلنگ ،اغوا برائے تاوان کے واقعات بھی ہو رہے ہیں مذہبی نفرتوں کو بھی یہاں پروان چڑھایا گیا ہے تعلیم و صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات جیسے مسائل ہیں کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان زیر زمین پانی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک گر چکی ہے اور مستقبل میں یہاں سے نقل مکانی کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہوگا ایسی صورتحال میں ہم کچھ سوچ سمجھ کر ہی حکومت میں آئے ہیں تمام اتحادی اس بات پر متفق ہیں کہ ہم نے حالات کو بہتری کی جانب لے جانا ہے وفاق کی سیاسی اور عسکری قیادت کا تعاون ہمیں درکار ہوگا اگر وہ تعاون کریں تو حالات کی بہتری ناممکن نہیں۔ اساتذہ اور ڈاکٹرز سمیت ہر ایک سے بات کریں گے کہ وہ تعاون کریں تاہم کسی کے پیچھے ڈنڈا اٹھا کر تو نہیں پڑ سکتے۔