اور کزئی ایجنسی: فضائی کاروائی میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک، 2 ٹھکانے تباہ

اور کزئی ایجنسی: فضائی کاروائی میں مزید 6 دہشت گرد ہلاک، 2 ٹھکانے تباہ

ہنگو/ پشاور (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں ) اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز فضائی کارروائی کی جس کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اس دوران انکے 2 ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔ میڈیا رپورٹس میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں نے اورکزئی ایجنسی کے علاقوں شکر تنگی اور سیفل درہ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 6 دہشت گرد مارے گئے، حملے میں دہشت گردوں کے 2 ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ واضح رہے اوکرزئی ایجنسی وفاق کے زیر انتظام 7 ایجنسیوں میں سے ایک ہے جو کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر واقع ہے۔ ان 7 میں سے 2 ایجنسیوں میں پاک فوج کی جانب سے آپریشن جاری ہے۔ ادھر پشاور کے علاقے حیات آباد میں وکیل کے گھر کو نامعلوم افراد نے بم سے اڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق عبدالطیف آفریدی ایڈووکیٹ کے گھر کے ساتھ نصب بم پھٹ نہیں سکا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے ریموٹ کنٹرول سے بم ناکارہ بنا دیا۔ وکیل کے بیٹے کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی پولیس نے گرفتار دہشت گرد کی نشاندہی پر کارروائی کی ہے اور اسکے ساتھی د ہشت گرد عزیز جمال عرف معاذ کو گرفتار کر لیا گیا۔ دہشت گرد گھی کے ڈبے میں بارودی مواد پشاور لا رہا تھا۔ دہشت گرد کا ایک ساتھی پہلے ہی گرفتارہے۔ادھر اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔