نوڈیرو کی بجلی معطل کرنے کا حکم، کنڈا سسٹم جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: عابد شیر

نوڈیرو کی بجلی معطل کرنے کا حکم، کنڈا سسٹم جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے: عابد شیر

سکھر (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے نوڈیرو کی بجلی معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ نوڈیرو سٹی کے 3 فیڈرز میں 48 فیصد بجلی چوری ہو رہی ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر لاڑکانہ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانئے میں کمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گرمیوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سات سے آٹھ گھنٹے کی جائے زائد بجلی سسٹم میں آنے کے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید کمی کی جائے گی۔ گڈو پاور اور نندی پور پروجیکٹ میں جلد 15سو میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید کمی کریں گے۔ آن لائن کے مطابق انہوں نے کہا کہ  جو بھی بات کرتا ہوں ثبوتوں اور حقائق پر مبنی کرتا ہوں، سندھ کے ارکان پارلیمنٹ اور وزراء بجلی چوروں کو تحفظ دینے کے بجائے ہمارا ساتھ دیں کیونکہ اس سے پورے پاکستان کے غریب لوگوں کا فائدہ ہو گا۔ اگر کوئی بدمعاشی یا غنڈہ گردی کرے گا تو ہم فیڈر اور گر ڈ سٹیشن بند کر دیں گے، سندھ حکومت کو ہمارا ہاتھ بٹانا چاہئے اگر نہیں تو ہمارے پاس اور بھی اقدامات ہیں۔ کنڈا سسٹم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور اب مزید یہ سسٹم نہیں چلنے دیں گے کہ چوری کوئی اور کرے اور بل کوئی اور بھرے۔