غربت سے تنگ محنت کش نے اپنے 3 بچے فروخت کیلئے پیش کر دئیے

اوچ شریف (نامہ نگار) غربت سے تنگ محنت کش نے اپنے 3بچے فروخت کے لئے پیش کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق اوچ شریف میں باپ نے اپنے کمسن بچوں کو فروخت کے لئے شاہراہ پر کھڑا کر دیا۔ محلہ جگ پورہ کے رہائشی محنت کش باقر حسین نے مہنگائی کے پیش نظر معاشی بدحالی کا شکار ہو کر کئی کئی دن فاقوں میں گزرنے سے تنگ آ کر پانچ سالہ حسن، تین سالہ عائشہ اور ڈیڑھ سالہ سمیرا کو فروخت کرنے کے لئے خیر پورڈاہا روڈ پر لا کھڑا کیا بچے برائے فروخت کے کتبے بھی لکھوا رکھے تھے۔ باقر حسین نے صحافیوں کو بتایا کہ غربت سے پریشان ہو کر اپنے بچوں سمیت خود کشی کرنے پر مجبور ہوں میری جمع پونجی سمیت سر سے چھت کا سایہ بھی چھین لیا ہے بچوں کے لئے بنائی جائیداد شہر کے بااثر لوگوں نے چھین لی۔ انہوں نے کہا چولہا جلانے کے لئے کراچی تک ٹھوکریں کھانے کے باوجود بچوں کی تنگ دستی اور فاقے دیکھ کر زندہ رہنے کی خواہش ختم کرنے پر ایسے درد مند کی تلاش ہے جو میرے کمسن بچوں کو خرید کر کھانا تو فراہم کرے گا۔