پاتال کی طرف سفر

پاتال کی طرف سفر

ہماری یہ زمین جسے کرہ ارض کہا جاتا ہے، حیرت انگیز، خوبصورت اور دلچسپ مقامات سے بھری ہوئی ہے۔زمین میں ایسے ایسے عجائبات پوشیدہ ہیں کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اس کے کچھ بھید تو ایسے ہیں کہ جو آج کے ترقی یافتہ دور میں بھی فہم و ادراک سے ماورا ہیں۔ جیسے برمودا ٹرائی اینگل اور اہرام مصر وغیرہ کے اسرار، جن کی صحیح توجیہہ آج تک بھی پیش نہیں کی جاسکی۔ ان کے بارے میں مختلف نظریات تو سامنے آتے رہتے ہیں مگر سائنسدان ان کی واضح تشریح بیان کرنے سے قاصر ہیں۔سطح زمین کے اوپر موجود ان بھید بھرے مقامات کا تذکرہ اپنی جگہ، لیکن زمین کے اندر بھی بے شمار ایسی چیزیں اور جگہیں موجود ہیں جن کا ذکر دلچسپی سے خالی نہیں۔ خاص طور پر وہ جگہیں جن کے بنانے میں انسانی ہاتھ بھی کارفرما ہیں۔ آج ہم زمین کی سطح سے اس کے اندرونی مرکز کی جانب چلتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ کیاکیا چیزیں، مقامات اور مناظر ہمارے منتظر ہیں۔