لاڑکانہ: پلاٹ کے تنازع پر تصادم‘ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی سمیت6 افراد ہلاک

لاڑکانہ (بیورو رپورٹ)لاڑکانہ کے قریب وگن کے علاقے پکھو میں پلاٹ کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم‘ ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے قریب ضلع قمبر کے علاقے پکھو میں جمعرات کے روز بوک اور مغیری برادری میں پلاٹ کے دیرینہ تنازعے پر دونوں گروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جس کے نتیجے میں ایس ایس پی قمبرشہداد کوٹ سرفراز نواز کے مطابق مغیری برادری کے چار افراد جاںبحق ہوگئے ہیں جن میں دیدار مغیری‘ لیاقت مغیری‘ غلام مرتضیٰ مغیری‘ فدامغیری جبکہ بوک برادری کے عاشق علی بوک موقعہ پر جاںبحق ہوگئے اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی مختار علی بوک شدید زخمی حالت میں چانڈکا ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے زخمیوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ، دوسری جانب پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے۔