جماعۃ الاحرار، تحریک طالبان لشکر اسلام نے اتحاد کا اعلان کر دیا

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) کالعدم تحریک طالبان، جماعۃ الاحرار اور تحریک لشکر اسلام نے اتحاد کا اعلان کر دیا۔ ترجمان ٹی ٹی پی کے مطابق تینوں گروپوں کے رہنمائوں نے مشاورت کے بعد تنظیم ساز کمیٹی تشکیل دی ہے۔ تنظیم ساز کمیٹی انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے گی۔ مبصرین کے مطابق گزشتہ سال تحریک طالبان پاکستان سے الگ ہو کر داعش کی حمایت کرنے والے گروپ جماعۃ الاحرار نے تنہا رہ جانے کے خوف سے واپسی کی ہے۔ جماعۃ الاحرار کے ترجمان احسان اللہ احسان کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تحریک لشکر اسلام بھی تحریک طالبان میں شامل ہونے جا رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق جماعۃ الاحرار فنڈز کی فراہمی کی امید پر داعش میں شامل ہوئی تھی مگر داعش کی جانب سے اب تک تحریک طالبان پاکستان یا افغان طالبان کی کوئی قابل ذکر مدد کرنے کی رپورٹس سامنے نہیں آئی ہیں اسی لئے یہ گروپ تحریک طالبان میں واپس آ گیا۔