منڈی بہائو الدین: خواجہ سرا کی سالگرہ تقریب پر چھاپہ، پولیس کو بددعائیں

منڈی بہائوالدین ( نامہ نگار)  خواجہ سرا ملائکہ کی سالگرہ کی رنگارنگ عروج پر پہنچی ہوئی تقریب پر پولیس سول لائن کا چھاپہ، زرق برق کپڑوں میں ملبوس خواجہ سراوں کے ٹھمکے رکوانے پر خواجہ سرائوں کی پولیس کو بددعائیں، لاکھوں روپے کی بیلیں لوٹ کرلے جانے کا الزام، کارروائی فخش حرکات پر کی گئی پولیس کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں خواجہ سرا ملائکہ کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں پنجاب بھر سے سینکڑوں خواجہ سرا نے ٹولیوں کی صورت میں رقص کرتے ہوئے شرکت کی۔ رقص وسرورکی محفل میںعروج پر لاکھوں کی بیلیں لٹائی جا رہی تھیں کہ اچانک سالگرہ تقریب پرتھانہ سول لائن کے پولیس اہلکارڈنڈہ بردارٹوٹ پڑے ،خواجہ سرائوں کاپروگرام بندکروا دیا جس خواجہ سرائوں نے شدیداحتجاج کیا۔ انکا کہنا تھا کہ وہ کوئی غیرقانونی کام نہیں کررہے تھے۔ سالگرہ کی تقریبات اور گُرو بنانے کے پروگرام انکا حق اور انکی واحد خوشی کا ذریعہ ہیں۔ یہ تقریبات روکنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف وزری ہے۔ خواجہ سرائوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انکے پروگرام سے پولیس کے اہلکار مبینہ طور پر لاکھوں روپے کی بیلیں لوٹ کر لے گئے۔ پروگرام چاردیواری کے اندر پرامن طور پر جاری تھا جبکہ پولیس نے اس کارروائی پر موقف اختیار کیا ہے کہ پولیس نے فحش حرکات کرنے کے جرم پر یہ چھاپہ مارا ہے تاہم خواجہ سرائوں کے گرو نے پولیس کے مبینہ چھاپہ کیخلاف وسیع سطح پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں وہ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا بھی دیں گے۔