داعش کاشمالی بغداد میں بیجی آئل ریفائنری پر حملہ

بغداد  (اے پی پی) شام اورعراق میں سرگرم عمل  دہشتگرد گروہ داعش نے شمالی بغداد میں واقع بیجی آئل ریفائنری پر حملہ  کردیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق   داعش کے عناصر نے شمالی بغداد میں واقع بیجی آئل ریفائنری کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ بیجی آئل ریفائنری عراق کی سب سے بڑی آئل فیلڈ شمار ہوتی ہے،کچھ عرصہ قبل دہشتگرد گردہ داعش کے عناصر سے اسے  آزاد کرایا گیا تھا لیکن اب یہ گروہ ایک بار پھر اس علاقے پر قبضہ کرنے کے درپے ہے۔ عراق کے صوبہ صلاح الدین کے فوجی کمانڈر نے کہا ہے کہ  حملے  کے بعد   دہشتگردوں اور عراقی سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔ دریں اثناء  شام اورعراق میں سرگر م عمل شدت پسند  تنظیم داعش نے عراق کے مغربی صوبے انبار میں  سٹیرٹیجک حوالوں سے   انتہائی اہم پْل کو تباہ کر دیا  ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق  اس علاقے میں حکومتی افواج اور  داعش  ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار ہیں ۔ شدت پسندوں نے جس پل کو تباہ کیا ہے وہ انبار کے مرکزی شہر رمادی کے شمال میں واقع ہے ۔  یہ پل رمادی کو ملک کی بڑی شاہ راہ سے ملاتا ہے۔گزشتہ بدھ کے روز اس علاقے میں عراقی افواج نے داعش کے خلاف ایک بڑے حملے کا آغاز کیا تھا۔