نوازشریف‘ شہباز شریف کی امارات کے صدر سے ملاقات‘ تعلقات کو وسعت دینے پر گفتگو

نوازشریف‘ شہباز شریف کی امارات کے صدر سے ملاقات‘ تعلقات کو وسعت دینے پر گفتگو

رحیم یار خان (ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پاکستان کے نجی دورہ پر آئے ہوئے یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن النہیان سے رحیم یار خان میں ملاقات کی۔ ملاقات میں برادرانہ تعلقات کو وسعت سمیت خطے کی صورتحال باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن النہیان سے ملاقات کیلئے خصوصی طور پر گئے تھے۔ وزیراعظم کی جانب سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات رہے ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، جس طرح یو اے ای میں مقیم پاکستانیوں کو وہاں کی حکومت تعاون فراہم کرتی ہے اس پر ہم انکے شکر گزار ہیں اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔  بعدازاں شیخ خلیفہ 10 روزہ نجی دورے کے بعد واپس اپنے وطن روانہ ہو گئے۔ چولستان میں واقع چاندنہ ائر پورٹ پر وزیراعظم   نوازشریف، وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے انہیں الوداع کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں شیخ خلیفہ بن زید النیہان نے انکے نجی دورہ کے موقع پر  غیرمعمولی انتظامات پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔