جھبراں: سیاسی سرگرمیاں پھر عروج پر‘ چیئرمین کیلئے 3 امیدواروں میں سخت مقابلہ متوقع

جھبراں (رائے عامر سلطان سے) منڈی جھبراں میں سیاسی سرگرمیاں چند روز مدھم پڑنے کے بعد پھر عروج پر پہنچ گئیں۔ ہر طرف سیاسی گہما گہمی نظر آرہی ہے۔ سیاستدانوں کے ڈیروں پر رونقیں بحال ہو گئیں۔ جھبراں میں اس وقت چیئرمین کیلئے تین امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ ان امیدواروں میں سابق ممبر خدمت کمیٹی اور سابق ممبر ضلع کونسل سیٹھ محمد حنیف سابق نائب ناظم سیٹھ مشتاق احمد رحمانی اور سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے خاں جہانزیب خاں شامل ہیں۔ جہانزیب خان کے ساتھ بطور وائس چیئرمین ثناء اللہ ہنجرا میں یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہاں پارٹی ازم کی بجائے برادری اور دھڑے بندی کی سیاست غالب ہے اور تقریباً پندرہ سال سے مون خاں گروپ ہر الیکشن میں واضح اکثریت سے کامیاب ہوتا رہا  ہے۔  اب بھی مون خاں گروپ جہانزیب خاں کے ساتھ ہے سیاسی پنڈتوں کے مطابق اصل مقابلہ سیٹھ محمد حنیف اور جہانزیب خاں کے درمیان متوقع ہے۔ د وسری طرف صورتحال یہ ہے کہ منڈی جھبراں کے عوام کو ان گنت مسائل درپیش ہیں جن میں سب سے اہم مسئلہ تجاوزات کا خاتمہ اور مون پبلک پارک کی بحالی ہے۔ عوامی حلقوں کو امید ہے نومنتخب ہونے والی قیادت علاقائی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔