بنگلہ دیش: اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا 2 ہفتے بعد رہا، کابینہ آج حلف اٹھائے گی

بنگلہ دیش: اپوزیشن رہنما خالدہ ضیا 2 ہفتے بعد رہا، کابینہ آج حلف اٹھائے گی

ڈھاکہ، ماسکو (اے ایف پی+ آن لائن) بنگلہ دیش میں متحدہ اپوزیشن کا ڈھونگ الیکشن کیخلاف احتجاج جاری ہے اور کئی مقامات پر جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ادھر وزیراعظم حسینہ واجد اور کابینہ کے ارکان آج حلف اٹھائیں گے جس کے بعد وزراء کے محکموں کا بھی اعلان کر دیا جائیگا۔ حکومت نے 2 ہفتے بعد اپوزیشن رہنما خالدہ ضیاء کی نظربندی ختم کر کے انہیں رہا کر دیا ہے۔ بنگلہ دیشی نیشنلسٹ پارٹی کے ایک ترجمان نے بتایا حکومت نے خالدہ ضیاء کو چینی سفیر لی جنگ سے ملاقات کیلئے انکو دفتر جانے کی اجازت دیدی ہے۔ روس نے نئی بنگلہ دخیشی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ  نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم امید رکھتے ہیں کہ نئی بنگلہ دیشی حکومت اور اپوزیشن ملک میں جمہوری اداروں کے استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے آئین کے خلاف کوئی اقدام نہیں کرے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی اپوزیشن کو بھی اب ملک میں نئی تبدیلی کو قبول کرلینا چاہئے۔ دریں اثنا  خالدہ ضیاء  نے وائس آف امریکہ کو انٹرویو میں  کہا کہ لوگوں کے حقوق کے حصول اور ملک میں جمہوری عمل کو فروغ دینے کے لئے وہ مکالمے کے لئے تیار ہیں۔  اْنہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات ہوئے ہی نہیں۔ یہ کسی کے لئے قابلِ قبول نہیں۔