ڈیمز وقت کی اہم ضرورت، بجلی پیدا ہونے کیساتھ سیلاب سے نجات مل جائیگی: گورنر پنجاب

نارنگ منڈی (نامہ نگار ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہاہے کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے متاثرین کی مددمیںکوئی کسر اٹھانہ رکھیں  گے ، حکومت متاثرین کی مددکیلئے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ انہوںنے رکن قومی اسمبلی رانا افضال حسین چوہدری حسان ریاض ڈی سی او شیخوپورہ علی جان خان اور اعلی حکا م کے ہمراہ نارنگ منڈی کے طوفانی بارشوں سے متاثرہ سرحدی علاقہ سلیم پور جیون گورایہ مہتہ سوجا اور گھڑیال کلاں کادورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصان پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بے روز گاری اور غربت نے غریبوں کی زندگیاں دوبھر کررکھی ہیں عوام پہلے ہی کئی مسائل کا شکارہیں اور اب سیلاب کی صورت میں نئی آفت آپڑی ہے جس نے عوام کی رہی سہی کسر بھی نکال دی۔ انہوںنے کہاکہ ہر کسان کا جتنا نقصان ہوا ہے اس کا پورا ازالہ کیاجائیگا ۔انہوںنے کہاکہ کاش بھارت کی طرح یہاں بھی ڈیمز بنائے جاتے تو آج یہ سیلاب زخمت کی بجائے رحمت ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ڈیمز وقت کی اہم ضرورت ہے اس سے بجلی پیداہو گی اور سیلاب سے ہمیشہ کیلئے جان چھوٹ جائیگی ۔انہوںنے کہاکہ ہرسال سیلاب سے نارنگ منڈی کا علاقہ متاثر ہوتاہے ہماری پوری کوشش ہے کہ یہاںکوئی ایسا ڈرینج سسٹم  منصوبہ بنایا جائے جس سے سیلاب کی روک تھام یقینی بنائی جاسکے واضح رہے کہ گورنر پنجاب کی آمد پر متاثرین رو روکر اپنی مشکلات اور مسائل بیان کرتے رہے ۔انہوںنے کہاکہ ہرسال ہماری فصلیں مکمل تباہ ہو جاتی ہیں کبھی حکومت نے توجہ نہیں دی اب کئی روز سے سینکڑوں خاندان کسمپرسی کا شکارہیں  حکومت  سے  سوائے طفل تسلیوں کے کچھ حاصل نہیں ہورہا خداکیلئے ہم پر رحم کیاجائے۔ گذشتہ سال بھی سیلاب کے دوران حکومت نے امداد کا اعلان کیا لیکن آ ج تک ایک پائی بھی نہیں ملی۔ جس پر گورنر پنجاب نے کہاکہ ایک بھی متاثرہ کسان محروم نہیں رہے گا حکومت بھرپور امداد کریگی اور بیرون ممالک سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھی اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کا ساتھ دیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چودھری سرور نے نارنگ منڈی کے سرحدی گاؤں سلیم پورہ میں واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا اور کہا  کہ آلودہ  پانی نے پاکستان میں پریشان کن صورتحال اختیار کر رکھی ہے حکومت دیہاتوں میں صاف پانی کی فراہمی کیلے بھرپور جدوجہد کر رہی ہے۔