پاکستان کو بھارتی آبی جارحیت کیخلاف ہر عالمی فورم پر آواز اٹھانی چاہئے: حافظ سعید

چنیوٹ، پنڈی بھٹیاں (این این آئی) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارتی آبی جارحیت کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز اٹھانی چاہئے۔ کشمیر سے نکلنے والے دریائوں پر بھارت نے ڈیم بناکر پانی روک رکھا ہے۔ ہر سال بغیر اطلاع پانی چھوڑ کر سیلابی صورتحال پیدا کردی جاتی ہے۔ اب بھارت بلند ترین مقام کرگل میں دنیا کا تیسرا بڑا ڈیم بنا رہا ہے جس سے اسلام آباد سمیت پورا پاکستان بھارت کی آبی دہشت گردی کی زد میں آجائے گا۔ قوم کا ہر فرد سیلاب زدگان کی مدد میں حصہ لے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے چنیوٹ میں ہرسہ شیخ اور پنڈی بھٹیاںمیں سیلاب متاثرہ علاقوںکے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فلاح انسانیت فائونڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرئوف، مرکزی ترجمان محمد یحییٰ مجاہد، جماعۃالدعوۃ فیصل آباد کے امیرحافظ محمد فیاض و دیگر بھی موجود تھے۔حافظ محمد سعید نے کشتی پر بیٹھ کر سیلاب متاثرہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔ جماعۃالدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے کہا بھارت ہمارا پانی روک کر سال بھر اپنے ریگستانوں کو سیراب کرتا ہے اور جب بارشیں زیادہ ہو جائیں تو بغیر اطلاع دیئے پانی چھوڑ دیتا ہے۔ اس وقت بھی بھارت کی جانب سے لاکھوں کیوسک پانی چھوڑنے سے ہزاروں دیہات اور لاکھوں ایکڑ فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا۔ ملک کی حفاظت اور سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ جماعۃ الدعوۃ ملک بھر کے تمام سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ متاثرین میں پکی پکائی خوراک کی تقسیم کے علاوہ میڈیکل کیمپوں پرعلاج معالجہ بھی کیا جا رہا ہے۔ اپنے دورہ کے دوران حافظ محمد سعید نے ہرسہ شیخ میں سیلابی پانی میں بہہ جانے والی بچی کے ورثا سے تعزیت اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور امدادی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کارکنان کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات دیں۔