قصور: کنویں سے گیند نکالتے ہوئے 2 لڑکے دم گھٹنے سے جاں بحق

قصور (نامہ نگار) الٰہ آباد کے نواحی گائوں بھیڈ سوڈیاں میں 2 لڑکے کنویں میں گیند نکالتے ہوئے دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق مدرسہ نورالاسلام کے قریب بچے کرکٹ کھیل رہے تھے۔ گیند ٹیوب ویل کے کنویں میں جا گری فہیم گیند نکالنے کے لئے گیا اور بے ہوش ہو گیا۔ اس کو نکالنے کے لئے فہیم کا بھائی نعیم، رمضان، اعظم اور مظفر کنویں میں گئے اور وہ بھی بے ہوش ہو گئے۔ پولیس اور ریسکیو 1122  کے اہلکاروں نے بچوں کو باہر نکالا تو فہیم اور رمضان دم گھٹنے سے جاں بحق ہو چکے تھے۔ اعظم، مظفر اور نعیم کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق لڑکوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔