شیخوپورہ: بیٹے نے ماں، بھائی نے بہن قتل کر دی، فیروزوالا میں بیٹی مار ڈالی

شیخوپورہ + فیروزوالا (نامہ نگارخصوصی+ نامہ نگار) شیخوپورہ میں قتل کی دو مختلف وارداتوں میں ناخلف بیٹے نے والدہ اور بھائی نے بہن کو قتل کردیا، والدہ کو قتل کرنیوالے نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ گھنگ روڈ گلی نمبر 7 کے رہائشی پولیس اہلکار نصراللہ کے بیٹے حافظ قرآن محمد یوسف نے بدچلنی کے شبہ میں اپنی والدہ نورین کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ اسکا والد گولی مس ہونے کی وجہ سے معجزانہ طور پر بچ گیا۔ یوسف نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ اسی تھانہ کے علاقہ علوی پارک میں بھائی نے شادی سے انکار پر ڈنڈوں کے وار کرکے بہن کو قتل کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ محمد ندیم کی بہن کی شادی کی تاریخ مقرر کی گئی۔ ثناء نے شادی سے انکار کردیا جس سے مشتعل ہوکر ندیم نے ڈنڈوں کے وار کرکے اپنی بہن کو قتل کردیا۔ مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ادھر لاہور روڈ کی آبادی نظام پور (کوٹ عبدالمالک) میں اقبال عرف بائی کی بیٹی مہوش بی بی نے نوجوان قاسم کے ساتھ پسند کی شادی کر لی تھی۔ جس کا انہیں رنج تھا، مہوش کے بھائی مدثر علی نے صلح کے بہانے گھر بلایا جہاں پر مدثر علی نے باپ اقبال اور دیگر گھر والوں سے مل کر مہوش بی بی کے گلے میں کپڑے کا پھندا ڈال کر اسے ہلاک کر دیا، بعد میں متوفیہ کو بجلی کا کرنٹ لگا دیا تاکہ قتل کو اتفاقیہ قرار دلوایا جا سکے۔ مقتولہ کے شوہر قاسم کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔