تھر میں حکومتی لاپرواہی سے بچوں کی ہلاکتیں دردناک المیہ ہے: منور حسن

تھر میں حکومتی لاپرواہی سے بچوں کی ہلاکتیں دردناک المیہ ہے: منور حسن

لاہور (این این آئی) جماعت اسلامی کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ تھر میں قحط سالی اور حکومت کی لاپرواہی و بے حسی سے سینکڑوں بچوں کی ہلاکت قومی تاریخ کا دردناک المیہ ہے، وزیراعظم، وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا متاثرہ علاقے کا دورہ اور تھر کے عوام کے لئے امدادی اقدامات اس وقت اٹھائے گئے ہیں، جب پانی سر سے اونچا ہو گیا اور سینکڑوں بچے جاں بحق اور متاثر ہو چکے ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنے اعلان کردہ امدادی پیکیج پر موثر طور پر عملدرآمد کروائیں اور دیانتدار اور ذمہ دار سرکاری اہلکاروں کو تباہ حال عوام کی خدمت پر مامور کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تھر اور چولستان میں مستقل طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دفتر کھولا جائے جو آئندہ اس قسم کے المیے سے قبل از وقت خبردار اور مناسب اقدامات کر سکے۔ سید منورحسن نے کہاکہ ایک طرف پنجاب حکومت یوتھ فیسٹیول اور سندھ حکومت سندھ فیسٹیول کے نام پر کروڑوں اربوں روپے لٹاتی رہیں اور دوسری طرف معصوم بچے بھو ک و پیاس سے بلک بلک کر جان دیتے رہے ، قوم کو اللہ تعالیٰ کا شکر کرنا چاہئے کہ اس بے حسی پر اس کا غضب نازل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ تھر کی طرح اب چولستان سے بھی خشک سالی کی وجہ سے قحط کی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں، حکومت کو چولستان کی طرف بھی توجہ دینی چاہئے۔