ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ کی 20 ویں سالگرہ منائی گئی

ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ کی 20 ویں سالگرہ منائی گئی

لاہور (کامرس رپورٹر) ہنڈا اٹلس کارز پاکستان کی جاب سے گزشتہ روز ادارے کی 20وں سالگرہ منائی گئی۔ ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ، ہنڈا موٹر کمپنی لمیٹڈ جاپان اور اٹلس گروپ آف کمپنیز پاکستان کا ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔ جس کا آگاز 1993 میں ایک معاہدے کے تحت ہوا۔ ہنڈا اٹلس کارز کی 20ویں سالگرہ کا انعقاد گزشتہ روز ہنڈا فیکٹر میں کیا گیا۔ اس موقع پر ہنڈا جاپان کے صدر تاکانوبو ایٹو مہمان خصوصی تھے۔ جبکہ صدر ایشین ہنڈا و مینجنگ آفیسر ہنڈا جاپان ہیروشی کوبا یاشی اور مینجنگ آفیسر ہنڈا موٹر جاپان یوشی یوکی ماتسموٹو بھی اس تقریب میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر جاپان سے آئے۔ چیئرمین ہنڈا اٹلس کارز پاکستان یوسف ایچ شیرازی اور صدر ہنڈا اٹلس کارز پاکستان تاکی ہارو آؤکی نے ہنڈا کے کارکنوں، وینڈرز، ڈیلرز اور سٹاف ممبران کے ہمراہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، ہنڈا کارز کے کسٹمرز اور صحافی بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پاکستان کی مارکیٹ میں ہنڈا کی 20 سالہ مسلسل کامیابیوں کو اجاگر کرنے کیلئے 1994 سے 2012 تک مقامی مارکیٹ میں پیش کی جانے والی ہنڈا کارز کو ایک کار شو کے ذریعے شرکاء کے سامنے پیش کیا گیا۔ یہ 8 گاڑیاں 1994، 1996، 2001، 2006، اور 2012 کے ہنڈا سوک ماڈلز اور ہنڈا سٹی کے 1999، 2003 اور 2009 ماڈلز پر مشتمل تھیں۔ کار شو کے اختتام پر ہنڈا سٹی سپورٹس ورژن ’’برانڈ کار‘‘ بھی پیش کیا گیا جسے پاکستان میں تیار کیا گیا ہے یہ گاڑی اپنی تبدیلیوں کی بدولت سپورٹس کار لورز کیلئے ایک آئیڈیل انتخاب ثابت ہوگی۔ ہنڈا اٹلس کارز پاکستان کے صدر تاکی ہارو آؤکی نے ہنڈا اٹلس کارکز کی تمام ٹیم اور ادارے سے وابستہ افراد کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کی کوششوں کے بغیر ہنڈا کے روشن سنگ میل کو عبور کرنا ناممکن تھا۔ اس موقع پر ہنڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کے چیئرمین یوسف ایچ شیرازی نے ہنڈا کارز کی 20 سالہ تقریب میں شرکت کیلئے تاکا نوبو ایٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک متحرک اور فعال کردار کیلئے ہمیشہ پرعزم ہوتے ہیں اور خوب سے خوب تر کی جستجو کیلئے اپنے اہداف اور حکمت عملی کو بہتر سے بہتر بنانا ہمارا نصب العین ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہنڈا موٹر کمپنی جاپان کے صدر تاکانوبو ایٹو نے کہا کہ 20 سالہ مشترکہ کامیابیوں کے حوالے سے آج کا دن تاریخ ساز اہمیت کا حامل ہے جسے ہم مل کر منا رہے ہیں۔ ہنڈا اٹلس کارز کی 20ویں سالگرہ کی اس رنگا رنگ تقریب میں یوسف شیرازی نے ہنڈا موٹر کمپنی جاپان کے صدر تاکانوبو ایٹو کی یادگاری سووینیئر پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر ہنڈا اٹلس کارز سے وابستہ ملازمین، دیلرز، وینڈرز اور بینکرز میں ایوارڈ تقسیم کئے گئے۔