کنٹینر کی ٹکر، رکشہ میں رکھے پٹرول کین میں آتشزدگی، 2 شخص جھلس کر جاں بحق

کوٹ رادھا کشن+ بھوئے آصل (نامہ نگاران) قصور روڈ پر تیز رفتار کنٹینر کی ٹکر سے رکشہ میں رکھے پٹرول کین میں آگ بھڑک اٹھی جس سے دو شخص جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ رادھا کشن سے جانے والا موٹر سائیکل رکشہ نواحی گائوں بھچر کے قریب سامنے سے آنے والے تیز رفتار کنٹینر سے ٹکرا گیا، رکشے میں رکھے گئے پٹرول کے کین میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے ٹرالر، رکشہ اور قریب سے گزرنے والی گدھا گاڑی جل کر خاکستر ہو گئے۔ شفیع جھلس کر جاں بحق ہو گیا جبکہ رکشہ ڈرائیور محمد علی جناح ہسپتال لاہور پہنچ کر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تیسرے زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھائی۔