پشاور بڑی تباہی سے بچ گیا، مختلف کارروائیوں میں7 بم برآمد، ناکارہ بنا دئیے گئے

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ، دو مختلف کارروائیوں میں سات بم ناکارہ بنا دیئے گئے۔ پشاور پولیس کے مطابق پجگی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے موٹروے پولیس اہلکار پر فائرنگ کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور زخمی ہو گیا اور اس کا جائے وقوعہ پر شناختی کارڈ گر گیا۔ پولیس نے کارڈ پر درج پتہ پر کارروائی کی اور مکان سے چار بم ، دو دستی بم ، ڈیٹونیٹر اور پستول کے سائلنسر برآمد کر لئے۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر چاروں بموں کو ناکارہ بنا دیا۔ مکان سے 65 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے۔ پولیس کے مطابق مکان میں مقیم افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری جانب متھرا میں بھی پولیس نے ایک مکان پر چھاپہ مارا جس میں موجود دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے کے بعد فرار ہوگئے۔ پولیس نے مکان سے تین بم برآمد کر لئے جنہیں بعدازاں ناکارہ بنا دیا گیا۔