الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت بحال

الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل، مسلم لیگ (ن)  کے ایم پی اے یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت بحال

قصور (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلہ کو معطل کر کے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے محمد یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت پنجاب اسمبلی بحال کر دی۔ چند روز قبل جسٹس (ر) کاظم علی کی سربراہی میں قائم الیکشن ٹربیونل نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور جانچ پڑتال میں تقریباً 4600 ووٹ مشکوک قرار دیتے ہوئے محمد یعقوب ندیم سیٹھی کی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے پی پی 175میں دوبارہ انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کو سفارش کی تھی۔ ٹربیونل کے حکم کے خلاف محمد یعقو ب ندیم سیٹھی نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس پر جسٹس نثار ثاقب کی سربراہی میں قائم ہونے والے سپریم کورٹ کے تین رکنی بیچ میں جسٹس دوست محمد کھوسہ اور جسٹس سرمد جلال عثمانی بھی شامل تھے، نے فیصلہ سناتے ہوئے محمد یعقوب ندیم سیٹھی کو سٹے آرڈر جاری کرتے ہوئے انکی رکنیت پنجاب اسمبلی بحال کر دی۔ محمد یعقوب ندیم سیٹھی کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت بحال ہونے پر علاقہ میں ان کی حامیوں کی طرف سے بھرپور جشن منایا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔