گوجرانوالہ: غیرت کے نام پر گھر والوں نے بیٹی اور اسکے آشنا کو قتل کر دیا

گوجرانوالہ: غیرت کے نام پر گھر والوں نے بیٹی اور اسکے آشنا کو قتل کر دیا

گوجرانوالہ + علی پور چٹھہ (نمائندہ خصوصی/ نامہ نگار) علی پور چٹھہ میں غیرت کے نام پر لڑکی کے گھر والوں نے اپنی بیٹی اور اسکو ملنے کیلئے آئے ہوئے نوجوان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ پولیس نے مقتولہ کی والدہ اور بھائی کو گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کوٹ اولکھ کے رہائشی ریاض کی بیٹی مہوش نے علاقہ کے ہی نوجوان یوسف کے ساتھ تعلقات استوار کررکھے تھے اور نوجوان کا اس کے گھر آنا جانا تھا گذشتہ روز بھی وہ مہوش کو ملنے کیلئے اس کے گھر آیا ہوا تھا کہ لڑکی کے ورثاء نے دونوں کو پکڑ لیا اور فائرنگ کرکے قتل کردیا واقعہ کا علم ہونے پر پولیس نے نعشوں کو قبضے میں لیا ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال بھجوا دیا ہے۔ پولیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے مقتول یوسف کے باپ عزیزا لرحمان نے موقف اختیار کیا کہ مقتولہ مہوش اس کے بیٹے کو ملنے کیلئے ان کے گھر آئی ہوئی تھی کہ لڑکی کا باپ ریاض‘ والدہ صفیہ بی بی‘ بھائی علی حمزہ‘ چچا قمرعباس اور فیاض دونوں کو زبردستی وہاں سے اٹھا کر اپنے گھر لے گئے جہاں انہوں نے فائرنگ کرکے دونوں کو قتل کر دیا۔ پولیس نے عزیزالرحمان کی  مدعیت میں مقدمہ درج کرکے صفیہ بی بی اور علی حمزہ کو گرفتار کر لیا ہے۔