حرم مکہ کی توسیع، سعودی عرب نے عمرہ ویزا کی مدت 30 سے کم کرکے 15 دن کردی

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) سعودی حکومت نے حرم مکہ میں توسیعی منصوبے کی وجہ سے ماہِ رجب ، شعبان اور رمضان المبارک کے لئے زائرین کے عمرہ ویزا کی مدت 30 دن سے کم کرکے 15 دن کردی ہے۔ وزارت حج وعمرہ کے سیکرٹری ڈاکٹر عیسیٰ بن محمد رواس نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ عمرہ زائرین کو عمرہ کی سعادت کا موقع فراہم کرنا ہے۔ سعودی عرب نے حج اور عمرہ کوٹہ میں تین سال کے لئے جس کمی کا اعلان کیا تھا وہ آئندہ سال حج سے قبل تک نافذالعمل رہے گا اور آئندہ سال عمرہ اور حج کوٹہ میں کی گئی کمی بحال کر دی جاے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ سروسز سے وابستہ تمام ممالک کے پرائیویٹ و سرکاری ادارے سعودی حکومت سے تعاون کریں اور عمرہ زائرین کی طے شدہ ویزا مدت میں واپسی یقینی بنائیں۔ سعودی عرب کی نئی عمرہ پالیسی پر تبصرہ کرتے ہوئے ایسوسی ایشن آف حج آرگنائزرز کے مرکزی راہنما حافظ شفیق کاشف نے کہا ہے سعودی حکومت نے رواں برس ریکارڈ تعداد میں عمرہ ویزے جاری کئے ہیں جبکہ عمرہ سیزن بھی چھ ماہ سے بڑھا کر آٹھ ماہ کردیا ہے۔