جنڈیالہ شیر خان: موٹر سائیکل کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، ماموں صدمے سے چل بسا

جنڈیالہ شیر خان (نامہ نگار) تھانہ صدر کے علاقہ محلہ شیش محل ،عطا آباد میں خوشیوں والے گھرمیں صف ماتم بچھ گئی اور دو جنازے اٹھنے سے کہرام برپا ہو گیا۔ پورے علاقہ میں سوگ کا عالم رہا۔ مذکورہ محلہ کے رہائشی اور مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ یوسی عطاء آباد کے جنرل سیکرٹری ظفر باجوہ کی دوبہنوں کی شادی تھی اور گزشتہ روز بارات آنی تھی۔ ظفر باجوہ بازار سے سودا سلف لینے کیلئے گیا اور گوجرانوالہ روڈ پر واقع پٹرول پمپ سے پٹرول ڈلوا کر گھر جانے لگا تو مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار موٹر سائیکل نے ٹکر ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جب ظفر کی ہلاکت کی خبر ان کے گھر پہنچی تو شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی اور اس خبر کو سنتے ہی ظفر باجوہ کے ماموں پر سکتہ طاری ہوگیا جس سے وہ بھی دم توڑ گیا۔ یوں خوشیوں والے گھر سے دوجنازے اٹھنے پر علاقہ میں سوگ کا عالم رہا جبکہ ظفر اور اسکے ماموں کو شیش محل کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سیاسی ،سماجی ،رہنمائوں ،تاجروں ،وکلاء ،صحافیوں، سابق ناظمین، نائب ناظمین اور معززین علاقہ کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔