مظفر گڑھ میں مبینہ پولیس مقابلہ، پکڑے گئے 2دہشت گرد ہلاک

مظفر گڑھ (نوائے وقت رپورٹ) مظفر گڑھ کے علاقے علی پور میں دو روز قبل خودکش جیکٹوں اور بموں کے ساتھ پکڑا گیا دہشت گرد ساتھی سمیت مبینہ مقابلے میں مارا گیا۔ ڈی پی او مظفر گڑھ رائے ضمیر نے بتایا کہ دہشت گرد صائم اور اسکا ساتھی تھانہ صدر علی پور کی حوالات سے گزشتہ رات فرار ہوئے۔ پولیس نے انکا تعاقب کیا تو وہ جنگل میں جا گھسے پولیس نے جنگل کا گھیرائو کیا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں دونوں ملزم مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دہشت گردوں کی موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق صائم اور اس کے ساتھی پراسرار طور پر ہلاک ہو گئے۔ پہلے خبر آئی کہ ملزم صائم کی نشاندہی پر 3بم برآمد کئے گئے پھر خبر آئی کہ دہشت گرد صائم کے ساتھیوں نے تھانہ پر حملہ کیا اور اسے چھڑا کر لے گئے۔ پولیس نے تعاقب کیا اور بعد میں اچانک پتہ چلا کہ صائم اور ساتھی مقابلے میں مارے گئے ہیں۔