عمران خان میرا بلڈ ٹیسٹ، سی ٹی سکین بھی کرانا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں: ایاز صادق

عمران خان میرا بلڈ ٹیسٹ، سی ٹی سکین بھی کرانا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں: ایاز صادق

چکوال/ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے عمران خان اب اگر میرا بلڈ ٹیسٹ، سی ٹی سکین، بائیو میٹرک تصدیق اور ایم آر آئی بھی کروانا چاہتے ہیں تو حاضر ہوں جبکہ حلقہ این اے22 1 کا عوامی مینڈیٹ میرے پاس ہے، عمران خان جوں جوں میرے خلاف درخواستیں دے رہے ہیں، ہر گنتی میں میرے ووٹ بڑھتے جا رہے ہیں، شکست عمران خان کا مقدر ہے اور انہیں رسوائی کا سامنا ہوگا۔ وہ کٹاس راج ضلع چکوال میں ہندو زائرین کیلئے کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ صدارت چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاروق نے کی۔ تقریب سے وزیر مملکت مذہبی امور امین الحسنات، بھارتی ہائی کمشنر سی راگھوان، رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر اقبال اور اظہر سلہری نے خطاب کیا۔ اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے ہندو، سکھ، بدھ مت اور عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والی شخصیات موجود تھیں۔ سردار ایاز صادق سپیکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، رواداری اور بھائی چارے کا مذہب ہے، آج امن اور محبت کا پیغام ہندوئوں کے مقدس مقام کٹاس راج سے بھی دیا جا رہا ہے کہ پاکستان سب کا ہے اور یہاں پر بسنے والے ہر مذہب اور مسلک کے لوگ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل طور پر آزاد ہیں، چیئرمین صدیق الفاروق نے بتایا کہ مذکورہ رہائشی کمپلیکس ریکارڈ چار ماہ کے عرصہ میں تیس جون تک مکمل کر لیا جائے گا اور زیادہ رہائشی سہولتوں سے ہم بھارت کے 2000 یاتریوں کا خیرمقدم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بھارتی ہائی کمشنر سی راگوان نے بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ کٹاس راج کو محفوظ کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔