شیخوپورہ: انڈرپاس کی کھدائی کے دوران گیس پائپ دھماکے سے پھٹ گئی، باپ بیٹا جھلس کر شدید زخمی، حالت تشویشناک

شیخوپورہ (نامہ نگارخصوصی) سرگودھا روڈ زیر تعمیر انڈرپاس کی کھدائی کے دوران سوئی گیس کی پائپ لائن لیکج کے باعث زوردار دھماکے سے پھٹ گئی اور اس میں آگ لگنے پر باپ بیٹا شدید زخمی ہوگئے انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا جہاں تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ریفر کر دیا گیا بتایا گیا ہے ریلوے انڈر پاس کی تعمیر کے دوران ٹھیکیدار کے عملے کی غفلت کے باعث سوئی گیس کی پائپ لائن ٹوٹ گئی تھی جس پر ٹھیکیدار کے عملے نے مٹی ڈال کر محکمہ سوئی گیس کو اطلاع کی مگر دوسر ے روز بھی کوئی پائپ لائن درست کرنے نہیں آیا، گزشتہ روز گیس پائپ لائن میں زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی جس سے ایک شخص شوکت اور اس کا بیٹا اصغر جھلس گیا دھماکے کی آواز سن کر لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا اور لوگ اپنی دکانوں اور مکانوں سے باہر نکل آئے واقعہ کے خلاف علاقہ مکینوں نے شیخ شاہد ایڈووکیٹ کی قیادت میں ٹھیکیدار اور سوئی گیس کے عملے کے خلاف شدید احتجاج کیا اور کہا نبی پورہ انڈر پاس پر عوام کو کوئی متبادل راستہ نہیں دیا گیا اور مذکورہ انڈر پاس پر ٹھیکیدار سست روی سے کام کر رہے ہیں۔ چار ماہ گزر جانے کے باوجود بھی انڈر پاس کو مکمل نہیں کیا جا سکا۔