جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید: قلات میں آپریشن جاری، 3 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

جنوبی وزیرستان: چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید: قلات میں آپریشن جاری، 3 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

وانا + قلات (صباح نیوز/آن لائن) جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ قلات میں فورسز کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، مزید 3 دہشت گرد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس کے نتیجہ میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو فیلڈ ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجہ میں دہشت گرد فرار ہوگئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ دوسری جانب قلات کے علاقے جوہان اور برگ میں سکیورٹی فورسز کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ رات گئے ہونے والی کارروائی میں مزید 3 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا جبکہ آپریشن میں دہشت گردوں کی تین گاڑیاں، سات موٹرسائیکلیں اور تین ٹھکانے بھی تباہ کردئیے گئے۔ آپریشن میں سکیورٹی فورسز کے 600سے زائد اہلکار حصہ لے رہے ہیں جبکہ سکیورٹی فورسز کو کوبرا اورگن شپ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل ہے۔ دریں اثنا محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور ڈویژن نے خفیہ اطلاعات پر ایک گھر میں کارروائی کرتے ہوئے 2013 میں چمکنی میں مدرسے پر خودکش حملے میں ملوث مطلوب مبینہ دہشت گرد فضل کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے۔