موجودہ حالات میں شمالی وزیرستان آپریشن کا ٹائم فریم دینا ممکن نہیں: خواجہ آصف

سیالکوٹ (آئی این پی) دفاع اور پانی و بجلی کے وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں شمالی وزیرستان ایجنسی میں پاک فوج کے جاری ضرب عضب آپریشن کے خاتمہ کا کوئی ٹائم فریم دینا ممکن نہیں۔ تمام قبائلی علاقوں سے دہشت گردی، شدت پسندی اور انتہا پسندی کے مکمل خاتمہ تک یہ آپریشن جاری رہے گا تاہم حکومت کوشش کرے گی کہ یہ ملٹری آپریشن جلد ختم کیا جا سکے تاکہ شمالی وزیرستان کے تمام متاثرین کی بحالی اور واپسی کا کام جلد مکمل کیا جا سکے۔  گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کی دعائوں سے یہ آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ حکومت آپریشن کے متاثرین کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کی ہر ممکن امداد کے لئے تمات تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان متاثرین  کی جلد بحالی اور ان کی واپسی حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کے شانہ بشانہ مادر وطن کے دفاع کے لئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار کھڑی ہے۔