چیچہ وطنی: کولڈ سٹوریج میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹنے سے 3 مزدور جاں بحق، 7 بیہوش

چیچہ وطنی (نامہ نگار) کولڈ سٹوریج میں امونیا گیس کا سلنڈر پھٹنے سے تین مزدور  جاں بحق،  تین خواتین سمیت7  افراد نیم بے ہوش ہو گئے۔ جنہیں ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیموں نے تحصیل  ہسپتال  پہنچایا، تفصیل کے مطابق کمالیہ روڈ پر 11 موڑ کے قریب واقع قادریہ کولڈ سٹور اینڈ آئس فیکٹری میں اچانک امونیا گیس کا سلنڈر پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں وہاں کام کرنے والے تین افراد محمد حبیب، خدا بخش اور اظہر موقع پر ہی جاں بحق اور زہریلی گیس کے پھیلنے سے تین خواتین سمیت 7 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ امونیا گیس کے اخراج کے باعث 2 کلو میٹر کے فاصلے تک لوگوں کا سانس لینا دشوار ہو گیا اور مقامی لوگ گیس کا اثر زائل ہونے تک اپنے بچوں سمیت اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقام پرچلے گئے۔ زہریلی گیس کی بو کے باعث امدادی سرگرمیاں بھی متاثر ہوئیں۔ گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک محنت کش گہرے کنوئیں میں جا گرا جس کی نعش تین گھنٹے بعد ریسکیو 1122 نے کنوئیں سے نکالی۔علاوہ ازیں پولیس تھانہ صدر نے کولڈ سٹوریج میں امونیا گیس سلنڈر پھٹنے کے واقعے کے خلاف ٹی ایم او چودھری محمد زبیر کی مدعیت میں فیکٹری مالک سائیں شیراز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔