پی کے 95 میں ضمنی الیکشن کل ہو گا، پی ٹی آئی نے جماعت اسلامی کی حمایت کر دی

پشاور (نوائے وقت رپورٹ)  خیبر پی کے  کے حلقہ پی کے 95  میں ضمنی انتخابات کل 7  مئی کو ہوں گے۔ 33 پولنگ سٹیشنوں کو انتہائی حساس  اور 42 کو حساس قرار دے دیا گیا۔ رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 40  ہزار 743  ہے حلقے میں مرد ووٹرز  کی تعداد 66 ہزار جبکہ  خواتین  ووٹرز 53 ہزار 817  ہیں۔ سراج الحق کے سینیٹر منتخب ہونے پر  نشست خالی ہوئی تھی۔ دریں اثنا  تحریک انصاف  نے پی کے 95 کے ضمنی انتخاب  میں  جماعت اسلامی کی حمایت کر دی۔  پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے مطابق دونوں جماعتوں  میں ڈیل ہو گئی جس  کے تحت  جماعت اسلامی  سینٹ کی خالی  نشست پر تحریک انصاف  کا ساتھ دے گی۔  خیبر  پی کے  کی سینٹ  میں ایک نشست  اعظم ہوتی  کی وفات سے خالی  ہوئی تھی۔ پی کے 95  کا ضمنی انتخاب 7 مئی اور سینٹ کا 13 مئی کو ہو گا۔