نواز شریف بجلی گیس کا مسئلہ کیا روز قیامت حل کرینگے: سراج الحق

نواز شریف بجلی گیس کا مسئلہ کیا روز قیامت حل کرینگے: سراج الحق

چارسدہ (نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکی ایجنٹوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ جماعت اسلامی غریب عوام کی جماعت ہے ملک کی ترقی اور خوشحالی کلین اور گرین پاکستان کیلئے اپیل کرتا ہوں کہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن بھی اعتراف کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی کی قیادت کا دامن صاف ہے۔ خود مزدوری کرتا تھا انہوں نے کہا حکومت کے دو سال ہونے کو ہیں، ہنی مون کے دن ختم اب حساب کتاب ہو گا۔ اگر جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو ہر خاندان کو ایک گھر بنا کر دوں گا۔ غریب اور صدر پاکستان کے بیٹے کیلئے ایک نظام تعلیم ہو گا۔ چند لوگ ہیں کبھی ایک پارٹی میں کبھی دوسری پارٹی میں ان کے وارے نیارے ہیں جب سے ملک بنا ہے کبھی پی پی کی حکومت تو کبھی ن لیگ کی حکومت ہے۔ پاکستان کی ترقی کیلئے چائنہ نے 42 ارب ڈالر کا منصوبہ کاشغر گوادر پلان دیا ہے۔ اگر یہ منصوبہ متنازعہ بنایا گیا تو اس کی ذمہ داری مرکزی حکومت پر ہو گی۔ چاہتے ہیں کہ مرکزی حکومت ہم سے مشاورت کرے۔ بجلی اور گیس کا مسئلہ کیا میاں صاحب روز قیامت حل کریں گے، میاں صاحب قیامت میں تو حساب دینا ہو گا۔