عام آدمی کی حالت دیکھ کر حکومتی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے: جسٹس (ر) افتخار چودھری
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+ آن لائن) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ ہوئی ہے یا نہیں رزلٹ آنے پر سب پتہ چل جائے گا، عدلیہ آزاد ہے، عدلیہ کو اپنی طاقت بھر پور طریقے سے استعمال کرنی چاہئے، فوجی عدالتوں کا معاملہ عدالتوں میں ہے بات نہیں کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، عمران کے خلاف ہتک عزت کا دعوی مضبوط کیس ہے انصاف ضرور ملے گا۔ عدلیہ آزاد اور آزاد فیصلے کرتی ہے ،عدلیہ کو بھر پور طریقے سے اپنی طاقت کا استعمال کرنا چاہئے۔ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی حالت دیکھ کر حکومت کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ مزید براں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر چودھری ناصر علی گورایہ کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں اور وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) افتخار حسین چودھری کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنیئر وکلاء کے ساتھ مشورے کے بعد انہوں نے عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ اپنے وقت میں ہمیشہ ظلم کے خلاف اور مظلوم کو انصاف فراہم کرنے کیلئے سوموٹو لیتا تھا اور موجودہ عدلیہ کو بھی یہ مشورہ دیتا ہوں کہ مظلوم کو انصاف فراہم کرنے کیلئے اپنے قانونی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے سوموٹو ایکشن لیں۔