ڈاکٹر شکیل آفریدی کو نئی قانونی مشکلات کا سامنا، کیس سننے والے ٹربیونل کی مدت ختم ہوچکی، نیا نہیں بن سکا
پشاور (اے ایف پی) اسامہ بن لادن کی تلاش میں سی آئی اے کی معاونت کرنے والے ڈاکٹر شکیل آفریدی کو نئی قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ بات یہاں حکام نے بتائی ہے۔ مئی 2012ء کو شکیل آفریدی کو 33 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ گزشتہ سال ایک ٹربیونل نے اس کی سزا میں 10 سال کی کمی کی تھی۔ ٹربیونل کے ایک سابق رکن اور سینئر وکیل پیر فدا نے اے ایف پی کو بتایا کہ اب یہ ٹربیونل کام نہیں کررہا، اس کے ارکان اور چیئرمین کی مدت 26 جنوری کو ختم ہوگئی تھی۔ ابھی تک ان کی جگہ کوئی تعیناتی نہیں ہوئی۔ یہ ٹربیونل ختم ہوچکا ہے اور یہ معلوم نہیں کہ دوبارہ کب سماعت ہوگی۔