چنیوٹ: مخالفین کی کار پر فائرنگ‘ باپ‘ بیٹے‘ داماد سمیت 5 افراد قتل

چناب نگر + چنیوٹ + لالیاں (نامہ نگاران) دیرینہ دشمنی پر مخالفین نے فائرنگ کر کے ٹیکسی ڈرائیور اور 4 مخالفین کو قتل کردیا۔ مرنیوالوں میں باپ، بیٹا اور داماد بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ محمد والا کے علاقہ میں صالح محمد، غلام فرید، اسکا بیٹا قیصر، داماد محمد نواز ڈرائیور غلام حسین کے ساتھ ٹیکسی کار پر سلانوالی میں عدالت میں پیشی کے بعد اپنے گائوں رتہ کلاں جھنگ روڈ پر جا رہے تھے کہ موضع کلوکہ کے قریب انکے مخالفین امجد حیات اور عمر حیات ولد اللہ دتہ ساکن چک بھیرو نے اپنی کار کو آگے لگا کر زبردستی ٹیکسی کار روک لی اور نیچے اتر کر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے ٹیکسی ڈرائیور غلام حسین سمیت پانچوں افراد دم توڑ گئے جبکہ سرفراز ولد امیر شدید زخمی ہوگیا۔ حملہ آور اطمینان کے ساتھ فرار ہوگئے۔ پولیس کی بھاری نفری کے ذریعہ ناکہ بندی لگا کر کے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ مقتولین کے ورثاء نے نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چنیوٹ میں جھنگ روڈ پر 5 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی اور ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔