تھرڈ امپائر میں ہوں، دھرنے میں جا کر انگلی اٹھانی ہے ‘عدالت میں ملزم کا شوروغل

گوجرانوالہ (نمائندہ خصو صی) ’’جج صاحب! جلدی کریں، تھرڈ امپائر ہوں، کپتان دھرنے میں بلا رہا ہے، شرکت کر کے انگلی اٹھانی ہے‘‘۔ جج کے ساتھ بدتمیزی کے کیس کا ملزم ایک بار پھر توہین عدالت کا مرتکب ہوگیا۔ بتایا گیا ہے کہ سنٹرل جیل گوجرانوالہ سے انعام اللہ نامی ملزم کو مجسٹریٹ شفقت سعید گوندل کی عدالت میں بدتمیزی کے کیس میں مجسٹریٹ نور محمد ڈھوٹر کی عدالت میں پیش کیا گیا جس کے بعد پولیس اہلکار ملزم کیساتھ پیشی پر لائے گئے دیگر ملزمان کو مجسٹریٹ شفقت سعید گوندل کی عدالت میں پیشی کیلئے لیکر گئے جہاں پر ملزم انعام اللہ نے مجسٹریٹ کو دیکھتے ہی بآواز بلند مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب جلدی کریں جس تھرڈ امپائرکی بات کرتے ہیں وہ میں ہی ہوں۔ ملزم کے شوروغل پر عدالت میں موجود اہلکاروں نے اسے زدوکوب کرتے ہوئے قابو کرلیا۔ معزز عدالت نے ملزم کیخلاف مزید کارروائی کاحکم دیدیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں لگتا۔