تحریک انصاف میں عمران کے سوا کوئی لیڈر نہیں کئی کارکن شاہ محمود سے ناراض ہیں: جسٹس وجیہہ

حیدرآباد (این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ریٹائرڈ جسٹس وجہیہ الدین نے کہا ہے کہ سندھ میں جس طرح کے کردار کے وڈیروں اور سرداروں کو پی ٹی آئی میں شامل کرنے کی خبریں آرہی ہیں اس پر کارکنوں میں پارٹی اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے خلاف سخت ردعمل پایا جاتا ہے۔ جاوید ہاشمی کے بارے میں پہلے بھی شبہات تھے کہ انکے مسلم لیگ (ن) سے رابطے ہیں اب اسکو تقویت پہنچی ہے تاہم اسکے باوجود انکی ملتان کے ضمنی انتخابات میں کامیابی کا بہت واضح امکان ہے۔ پی ٹی آئی میں عمران خان کے سوا کوئی لیڈر نہیں۔ وہ ایک نجی سندھی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ سندھ میں ممتاز بھٹو، لیاقت جتوئی اور دیگر پرانے سیاستدانوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے حوالے سے سوالات پر جسٹس وجہیہ الدین نے کہا کہ اس پر پی ٹی آئی کے کارکنان میں بہت شدید ردعمل پایا جاتا ہے۔