افغان شکست خوردہ امریکی، نیٹو فورسز کو افغانستان سے بیدخل کر دیں : ملاعمر

پشاور(این این آئی) افغان طالبان نے امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہوئے افغان شہریوں سے کہا ہے کہ وہ امریکہ، اتحادی فورسز کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں جنہیں پہلے ہی شکست دی جا چکی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ انہیں افغانستان سے بے دخل کردیا جائے۔ افغان طالبان کے امیر ملا محمد عمر کی جانب سے پشاور اور ملحقہ علاقوں میں افغان مہاجر کیمپوں میں پفلٹ کی صورت میں عید کا پیغام تقسیم کیا گیا۔جس میں افغانوں سے کہا گیا کہ وہ صرف اپنے خاندان کی طرف توجہ دیں۔پمفلٹ کے متن کے مطابق امریکہ بے مقصد و بے معنی جنگیں لڑ رہا ہے اور مسلمان ممالک میں دخل اندازی کر رہا ہے۔شہری طالبان کے ساتھ مل کر ملک کی خدمت کریں۔چھ صفحات پر مشتمل اس پمفلٹ میں امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد سمیت اتحاد اور جہاد کی بھی تلقین کی گئی۔جبکہ افغان طالبان امیر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکہ یا افغان حکومت کے ساتھ کوئی بھی مذاکرات نہ کرے۔ پمفلٹ کے آخر میں ملا محمد عمر مجاہد کا نام تحریر ہے۔مذکورہ پمفلٹس پشاورمیں کچہ گڑھی، نوشہرہ،چارسدہ اور دیگر قبائلی علاقوں میں افغان کیمپوں میں تقسیم کئے گئے۔