پتوکی : کھلے گٹر میں گرکر بچے سمیت 2افراد جاں بحق‘ 3بے ہوش

پتوکی : کھلے گٹر میں گرکر بچے سمیت 2افراد جاں بحق‘ 3بے ہوش

پتوکی (نامہ نگار) پتوکی کے نواحی علاقے پرانی شوگر ملز پتوکی میں محکمہ پبلک ہیلتھ کے ٹھیکیدار کی طرف سے بنائے گئے کھلے گٹر میں گرکر غریب خاندان کے ایک بچے سمیت 2افراد جاں بحق‘ 3بے ہوش ہو گئے ۔ ٹھیکیدار نے پائپ اور گٹر بنانے کے لئے 16فٹ گہرا گٹر بنا کر کھلا چھوڑ دیا تھا، اہل علاقہ کے بار بار توجہ دلانے کے باوجود ٹھیکیدار نے کوئی نوٹس نہ لیا۔ گزشتہ روز پرانی شوگر ملز کے رہائشی اکبر کا 7سالہ یتیم بیٹا مبین علی دکان سے صابن لے کر گھر آرہا تھا کہ کھلے گٹر میں گر گیا جس کو بچانے کیلئے اسکا بہنوئی 17سالہ محمد تنویر گٹر میں اُترا تو گیس کی وجہ سے دم گھٹنے کے باعث دونوں جاں بحق ہوگئے۔ نفیس احمد ، اشرف اور سجاد گٹر میں اُترنے لگے تو وہ بھی بے ہوش ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر سینکڑوں خواتین اور مرد اکھٹے ہوگئے اور شدید احتجاج کیا۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا پبلک ہیلتھ کے افسروں اور ٹھیکیدار کےخلاف کارروائی کی جائے اور غریب خاندان کو امداد فراہم کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ورنہ احتجاج کیا جائےگا۔