پشاور: ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا جاری، انصاف یوتھ ونگ کے زیراہتمام بلڈ کیمپ

پشاور (این این آئی) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف جاری دھرنا ساتویں ہفتے میں داخل ہوگیا۔ ہفتے کو 43 ویں روز انصاف یوتھ ونگ ڈسٹرکٹ پشاور نے دھرنا کیمپ میں ضلعی صدر سجاد بنگش کی قیادت میں ڈیوٹی دی۔ اس موقع پرجماعت اسلامی، عوامی جمہوری اتحاد کے کارکنان، بابائے دھرنا میجر فیاض خلیل اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے رہنما ارنسٹ نہال بھی موجود تھے۔ دھرنا کیمپ کے قریب انصاف یوتھ ونگ کے زیراہتمام بلڈ کیمپ بھی لگایا گیا جس میں نوجوانوں نے سو سے زائد بلڈ بیگز کا عطیہ دیا جسے لیڈ ی ریڈنگ ہسپتال کے حوالے کر دیا گیا تاکہ یہ نادار مریضوں کو فراہم کیا جا سکے جبکہ مشکوک کاغذات پر افغانستان جانیوالی ایک گاڑی کو بھی واپس کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے بھی بلڈ کیمپ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تحریک انصاف کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور پارٹی میں ان کا مقام بہت بڑا ہے۔ اس موقع پرکارکنان نے احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ بھی کیا۔ مظاہرین نے امریکہ، ڈرون حملوں اور وفاقی حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔