لویہ جرگہ بلانے کا اعلان، مذاکرات کیلئے حکومت سے رابطے میں ہیں: مولانا گل رمضان

پشاور(اے پی اے)وزیرستان قومی جرگہ نے شمالی وزیرستان میں امن کے حوالے سے لویہ جرگہ بلانے کا اعلان کر دیا۔ مولانا گل رمضان نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کا وفد طالبان سے مذاکرات نہیں کر سکتا۔ مذاکرات کے لئے حکومت سے رابطے میں ہیں۔ وزیرستان قومی جرگے کے سربراہ مولوی گل رمضان نے بتایا کہ وزیرستان میں بسنے والے تمام افراد امن چاہتے ہیں۔  دو دنوں میں لویہ جرگے کا اعلان کر دیا جائے گا جس میں فاٹا کے اراکین اسمبلی سیاسی جماعتوں کے قائدین، قوم پرست جماعتوں، تمام ملکی اور غیر ملکی طالبان گروہوں، قبائلی عمائدین اور عسکری قیادت کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ مولوی گل رمضان نے بتایا کہ باہر سے آنے والے افراد طالبان سے مذاکرات نہیں کر سکتے۔ مذاکرات کے حوالے سے وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیر داخلہ چودھری نثار کے ساتھ رابطے میں ہیں۔