مشاہد حسین کی البانوی پارلیمنٹ کے صدر سے ملاقات، فرینڈ شپ گروپ کے قیام کا فیصلہ

ترانہ/ اسلام آباد (این این آئی) سینٹ ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی البانوی پارلیمنٹ کے صدر علارمیتا سے ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پاکستان البانیہ کے پارلیمانی نمائندوں پر مشتمل فرینڈشپ گروپ کے قیام پر اصولی اتفاق کرلیا گیا ہے جبکہ سینیٹر مشاہد حسین نے پاکستان کی جانب سے البانیہ کو دفاعی میدان میں تربیتی تعاون کی پیشکش کو دہرایا۔ البانیہ کے دارالحکومت ترانہ میں ہونیوالی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی میدان میں تعاون کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے تجارتی وفود کے تبادلے کو بھی زیربحث لایا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین نے البانوی پارلیمنٹ کے صدرکو دورہِ پاکستان کی دعوت دی۔ انہوںنے دیگر البانوی رہنماؤں بشمول  ڈپٹی فارن منسٹر، چیئر آف فارن ریلشنز کمیشن اور چیئر آف نیشنل سکیورٹی کمیشن سے بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔  البانیہ کے نیشنل ٹیلی وژن ٹاپ چینل نے سینیٹر مشاہد حسین کا خصوصی انٹرویو  نشر کیا جبکہ مقامی میڈیا نے اس اہم ترین دورے کو نمایاں کوریج دی۔  البانوی راہنمائوں نے پاکستان کی جانب سے کوسوو کو آزاد ریاست تسلیم کئے جانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔