کچھ نادیدہ قوتیں حکومت اور طالبان مذاکرات کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں: سمیع الحق

شبقدر (آئی این پی) جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کچھ نادیدہ ملکی اور غیرملکی قوتیں حکومت اور طالبان کے مذاکرات کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جسے مل کر ناکام بنانا ہو گا۔ قبائلی علاقوں کے علماء ‘ مشران سیاسی اور غیر سیاسی قائدین ملک میں قیام امن اور دفاع اوراستحکام پاکستان کے لئے مل کر بھرپور اور موثر کردار ادا کریں۔ ملک کو غیر ملکی طاقتوں سے آزادی دلانا  وقت کا اولین تقاضا ہے۔ وہ جمعرات کو ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سے قبل مولانا سمیع الحق کو چارسدہ موٹروے انٹر چینج سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ایک بڑے جلوس میں شبقدر لایا گیا۔ مین بازار میں جمعیت علماء اسلام ف کے بزرگ رہنما سید عبداللہ شاہ‘ سید رحیم شاہ باچا اور سید سلطان شاہ کی قیادت میں جمیعت ف‘ جمعیت س اور سپاہ صحابہ کے کارکنوں نے شاندار استقبال کیا ۔حاجی سلطان شاہ اوران کے بیٹے سید عابد شاہ نے اپنے خاندان سمیت سینکڑوں افراد کے ہمراہ جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کر کے مولانا سمیع الحق قیادت میں دین کی سربلندی اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کا اعلان کیا۔ سمیع الحق نے کہا طالبان کے ساتھ مذاکرات میں حکومت کی عدم دلچسپی اور غیر سنجیدگی افسوس ناک ہے۔ ملک میں امن کا قیام‘ معاشی استحکام‘ ملک میں جاری کشمکش کے خاتمے سے وابستہ ہے۔