فیروز والا: حق مہر کے جھگڑے پر باراتی گتھم گتھا، متعدد زخمی، دولہا بغیر دلہن چلا گیا

فیروز والا (نامہ نگار) قصبہ کوٹ پنڈی داس میں حق مہر کی رقم کے تنازع پر دولہا اور دلہن والوں کے درمیان تصادم میں متعدد افراد لہولہان ہوگئے۔ دولہا بغیر دلہن کے بارات واپس لے گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کالاخطائی روڈ کی آبادی کے رہائشی منیر احمد کے بیٹے علی رضا کی بارات ریاست علی کے ہاں آئی تھی۔ نکاح کی تقریب شروع ہوئی تو حق مہر کی رقم لکھوانے پر فریقین میں تلخ کلامی ہوگئی۔ نکاح کی رسم بھی مکمل نہ ہوسکی۔ دونوں گروپوں کے حامی افراد آپس میں جھگڑ پڑے اور ایک دوسرے سے گتھم گتھا ہوگئے، اس دوران مکے بھی چل گئے۔ اس واقعہ پر دلہن والوں نے جی ٹی روڈ پر احتجاج کیا اور دولہا والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ڈی ایس پی مریدکے اور ایس ایچ او مریدکے نے مظاہرین کو یقین دہانی کروائی اور ٹریفک بحال کرا دی۔