اقتصادی راہداری روٹ کے نقشوں سے آگاہ نہیں کیا گیا: ڈاکٹر عبد المالک

اقتصادی راہداری روٹ کے نقشوں سے آگاہ نہیں کیا گیا: ڈاکٹر عبد المالک

کوئٹہ(بیورو رپورٹ) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا ہے کہ انہیں گوادر کاشغر روٹ کے پرانے اور نئے نقشوں کے متعلق سرکاری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا جبکہ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے میگا ترقیاتی منصوبوں میں تمام صوبوں کو یکساں ترقی ملنی چاہئے۔ اتوار کے روز الفلاح ہائوس میں دونوں رہنماؤں نے جماعت اسلامی کے دفتر میں ملاقات کی جس میں بلوچستان کی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ انہیں صرف اتنا معلوم ہے کہ گوادر میں چائنا کیساتھ معاہدوں کے تحت تین ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے جس میں گوادر پورٹ کی فعالیت، گوادر ائیر پورت کی تعمیر بھی شامل ہے انہیں سرکاری طور پر یہ نہیں بتایا گیا کہ گوادر کاشغر روٹ کے نقشے میں کون کون سے روٹ شامل کئے گئے ہیں۔ اتنا معلوم ہے کہ گوادر میں امن اور وہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے گوادر کاشغر روٹ کے فوائد تمام صوبوں کو یکساں ملنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ 13 مئی کو وزیر اعظم اسلام آباد میں گوادر کاشگر روٹ کے حوالے سے سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیں گے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مسائل کو حل کرنے کا اچھا موقع ہے۔ بیروزگاری سے بلوچستان کے نوجوانوں کی محرومی بڑھی ہے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ بیروزگاری کا خاتمہ کرے۔ گوادر کے ماہی گیروں لاپتہ افراد اور ٹرانسپورٹروں کے مسائل کو حل کیا جائے۔