سکیورٹی خدشات‘ غیرملکی سفیروں کو آج میٹرو ٹریک پر نہ لانے کا فیصلہ

سکیورٹی خدشات‘ غیرملکی سفیروں  کو آج میٹرو ٹریک پر نہ لانے کا فیصلہ

راولپنڈی (نیوز رپورٹر/ اپنے سٹاف رپورٹر سے) معلوم ہوا ہے کہ آج راولپنڈی میٹرو پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے بعد غیر ملکی سفیروں کو میٹرو ٹریک پر نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب حساس ادارے اب بھی سیکورٹی خدشات کا اظہار کررہے ہیں جبکہ صحافیوں کی بھی مختصر تعداد کو خصوصی کارڈز جاری کئے گئے ہیں کیونکہ یکم جون کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے ہمراہ متعدد صحافیوں کو میٹرو کے حوالے سے بھگتا دیا گیا اور وزیراعلیٰ شہبازشریف نے افتتاحی تقریب کے بعد جو پریس کانفرنس کرنا تھی وہ انہوں نے یکم کو ہی کر ڈالی جس کے بعد کسی قسم کی پریس کانفرنس کا بھی چانس نہیں۔ میٹروبس پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر جمعرات کو مری روڈ کی تمام مارکیٹیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ میٹرو بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر سیکیورٹی فول پروف رکھی جاسکے اور میٹروبس کے سٹیشنوں پر شہریوں کو ٹریفک جام کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس ضمن میں ڈی ایس پی نیو ٹائون فیصل سلیم ، اے ایس پی وارث خان بہرام خان اور ڈی ایس پی سٹی سردار بابر ممتاز کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ پولیس حکام نے تاجروں اور مارکیٹوں کی تنظیموں سے بدھ کو ہنگامی رابطے کئے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر مری روڈ سے لیکر ڈی چوک اسلام آباد تک فضائی نگرانی سے بھی سکیورٹی پر نگاہ رکھی جائیگی۔