خیبر پی کے میں نگران حکومت بناکر دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں: اسفند یار

خیبر پی کے میں نگران حکومت بناکر دوبارہ بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں: اسفند یار

پشاور(بیورو رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی مرکزی صدر اسفند یار ولی خان نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی کا اعتراف کرتے ہوئے خیبر پی حکومت کو مستعفی ہو جانا چاہئے اور بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرائے جائیں۔ اے این پی موجودہ صوبائی حکومت اور فوج کی نگرانی میں انتخابات کی حامی نہیں لٰہذا صوبے میں سب سے پہلے نگران حکومت بنائی جائے اور پھر بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے۔ اے این پی کے تھنک ٹینک اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفینگ دیتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ چوروں نے خود چوری کا اعتراف کر لیا اور اب ان کی نگرانی میں بلدیاتی الیکشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کپتان پنجاب میں دھاندلی کی ذمہ داری نواز شریف اور دوسروں پر ڈالتے ہیں جبکہ یہاں الیکشن کمشن کو ہر چیز کا ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کپتان پر واضح کیا کہ میاں افتخار حسین کے خلاف کی گئی کارروائی کا بدلہ سود سمیت وصول کیا جائے گا۔ اُنہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مقتول کے والد پر بیان بدلنے کیلئے سرکاری طور پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اپنے ذاتی مفادات کی خاطر پارٹیاں بدلنے والے شخص کو عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہو سکتی۔