مسلم لیگ ن ایجنسیوں کے سہارے جیتتی رہی، اب طالبان آئی جے آئی بنوا رہے ہیں: کائرہ

مسلم لیگ ن ایجنسیوں کے سہارے جیتتی رہی، اب طالبان آئی جے آئی بنوا رہے ہیں: کائرہ

لاہور (خصوصی رپورٹر+نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آج کی آئی جے آئی طالبان اور انتہا پسند بنوا رہے ہیں۔ انتہا پسند درپردہ آج پھر اکٹھے ہو رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈی سی او اور ڈی پی اوز کے تبادلے انتخابات پر اثرانداز ہوں گے۔ پارلیمان کا احترام ضروری ہے تاکہ تمام اداروں کا احترام برقرار رہے۔ مسلم لیگ (ن) کی گھبراہٹ بڑھ رہی ہے۔ ایجنسیاں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ اور نوٹ دیتی رہی ہیں۔ (ن) لیگ جن کو گالیاں دیتی تھی ان کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) ماضی میں ایجنسیوں کے سہارے انتخابات لڑتی رہی ہے مگر پہلی دفعہ ایسا نہ ہونے پر گھبراہٹ کا شکار ہے، مسلم لیگ (ن) اگر اتنی مقبول جماعت ہے تو جنہیں قومیت پرست اور علیحدگی پسند کہہ کر گالیاں دیتی رہی آج انہی سے اتحاد کیوں کر رہی ہے۔ بےنظیر بھٹو کے خلاف ایجنسیوں نے آئی جے آئی بنوائی اور پرانی دوستیاں آج بھی کام آ رہی ہیں۔ (ق) لیگ سے انتخابات کے لئے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے فارمولہ طے پا گیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ایجنسیاں انہیں ووٹ اور نوٹ دونوں دیتی رہی ہیں۔ ماضی میں بھی لوگوں نے آئی جے آئی کو مسترد کیا تھا آج بھی انتہا پسندوں کی آئی جے آئی کو مسترد کر دیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی توڑنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ آج ان لوگوں کو آئین اور میثاق جمہوریت کیوں یاد نہیں، پہلے پنجاب حکومت لوٹوں کے سر پر چلائی جا رہی ہے۔ لالہ موسیٰ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی ساری سیاست لاہور کے گرد گھومتی ہے، پورے ملک میں ان کے ساتھ کوئی جمہوری قوت نہیں، جمہوری لوگ شریفوں کے ساتھ نہیں۔ الیکشن صاف شفاف ہوں گے جس میں ایجنسیوں کا یا فوج کا کوئی کردار نہیں ہو گا۔ نوازشریف کے لئے سندھ میں پاوں رکھنے کی جگہ نہیں ہے، مسلم لیگ (ن) سندھ، خیبر پی کے اور بلوچستان سے کوئی نشست نہیں جیت سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت دور کرنے کے لئے ایران سے معاہدہ کیا، ملکی مفاد میں کوئی دباو قبول نہیں کریں گے۔