فیصل آباد: میٹرک کے پرچوں کے 8 بنڈل مبینہ طور پر بنک سے غائب

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اسلامیہ کالج سے میٹرک امتحانات کے سوالیہ پیپر کے 8 بنڈل نجی بینک کے لاکر سے مبینہ طور پر غائب ہو گئے۔ پولیس نے مینیجر، کیشیئر، اسسٹنٹ پروفیسر سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر کارروائی شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسلامیہ کالج میں میٹرک کا امتحانی مرکز بنا ہے، امتحانات کے 8مضامین کے سوالیہ پرچہ جات کالج انتظامیہ نے مقامی نجی بینک کے لاکر میں رکھوائے جو کہ مبینہ طور پر غائب ہو گئے۔ کالج انتظامیہ کی درخواست پر پولیس نے بینک منیجر، کیشیئر، اسسٹنٹ پروفیسر سمیت چار افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔دریں اثناءفیصل آباد تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر امتحانات نے میٹرک کے پرچے بینک سے چوری ہونے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹر نے حبیب بینک لمیٹڈ، سرگودھا روڈ فیصل آباد سے بذریعہ ٹیلی فون اطلاع دی کہ جب وہ سیکنڈ شفٹ کا پرچہ تقسیم کرنے کے لئے بینک پہنچا تو بینک میں موجود ایک سیف کا تالا ٹوٹا ہوا تھا اور اس میں سے سوالیہ پرچوں کے 8 عدد بنڈل غائب تھے جس پر بورڈ انتظامیہ نے متعلقہ بینک کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی ہے جبکہ فوری طور پر ڈیٹ شیٹ کے مطابق نئے سوالیہ پرچہ جات کی تیاری کے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں اور ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحان ہو گا۔