دہری شہریت کیس: ایم پی اے آمنہ بٹراشتہاری قرار‘ رانا آصف پر فرد جرم

دہری شہریت کیس: ایم پی اے آمنہ بٹراشتہاری قرار‘ رانا آصف پر فرد جرم

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سیشن جج کی عدالت میں دوہری شہریت کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت میں پیش نہ ہونے پر سابق ایم پی اے آمنہ بٹر اشتہاری قرار دے دی گئیں۔ ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں آمنہ بٹر کی دوہری شہریت کا معاملہ زیر سماعت ہے۔ آمنہ بٹر اور اس کے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر آمنہ بٹر کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔ سابق ایم پی اے رانا آصف پر بھی عدالت نے فرد جرم عائد کرتے ہوئے 5 مارچ کو گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ سیشن جج لاہور نذیر گنجانہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایاگیاکہ سابق ایم پی اے رانا آصف محمود اورآمنہ بٹر جبکہ سابق ایم این اے شہناز شیخ کی دوہری شہریت ثابت ہونے پر نااہل قراردیا گیا تھا، ان ارکان نے الیکشن کمیشن کو دھوکا دیا ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے آمنہ بٹر کی گرفتاری کےلئے اخبار میں اشتہار جاری کرنے کاحکم دیدیا۔ اس کے علاوہ سابق ایم این اے شہناز شیخ کی وکیل نے بحث کےلئے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کردی ہے۔